ہلال نیوز

ٹانک میں یومِ آزادی کی تقریب 

ملک کے دیگر حصوں کی طرح ٹانک میں بھی ملک کا 76 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور عزم کے ساتھ منایاگیا۔جشن آزادی کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی اور سول سوسائٹی کے تعاون سے ڈی سی آفس اور قلعہ نواب سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا ، ریلی میں بچوں، طلبا و طالبات ،سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد،ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے افسران،سرکاری محکموں کے سربراہان،مقامی صحافیوں اور شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران شرکا اور بچوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر فضاپاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی ۔سیکٹر کمانڈر سائوتھ بریگیڈیئر سہیل باجوہ ،ڈپٹی کمشنر شعیب خان ،ضلعی پولیس آفیسر اور نوابزادہ وہاب خان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا ۔ سیکٹر کمانڈر سائوتھ بریگیڈئیر سہیل باجوہ کا کہنا تھا کہ 14اگست ہمیں اپنے اسلاف کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم پاکستان جیسے عظیم ملک میں عزت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ قیام پاکستان کے بعد ہمارے دشمنوں نے ہمیں کمزور کرنے کے لئے اپنے تما م ناپاک حربے استعمال کئے لیکن ان کو منہ کی کھانی پڑی، پاک فوج اور عوام ایک ہیں کیونکہ عوام کا اعتماد ہی پاک فوج کا سرمایہ حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا د ن تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن کی مناسبت سے ہم عہد کرتے ہیں کہ ملک پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے متحد ہو کر کام کریں گے اور اپنے دشمنوں کو یہ سبق دیں گے کہ پاکستا نی قوم اور فوج اپنے دشمنوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ تقریب کے اختتام پر سیکٹر کمانڈر سائوتھ کی طرف سے جشن آزادی کے موقع پر بچوں اور طالبات میں سبز ہلالی پرچم اور ٹوپیاں تقسیم کی گئیں ۔



دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے13 اگست کی رات کو ڈی سی آفس میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا علاوہ ازیں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سیکٹر کمانڈر سائوتھ اور ڈپٹی کمشنر ٹانک نے شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ جشن آزادی کے حوالے سے قدیم بلال جامع مسجد قاضیانوالی میں بھی خطیب پیر جہانگیر شاہ کی قیادت میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ مسیح برادری کی طرف سے جشن آزادی کو شان و شایان طریقے سے منانے کے لئے کرسچن ہسپتال ٹانک میں بھی تقریب منعقد کی گئی ۔ جس میں مسیحی بچوں نے ملک کی خاطر قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ڈپٹی کمشنر آفس ٹانک میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی گئی۔


رپورٹ: جاوید آرائیں

Read 720 times


TOP