قبائلی عمائدین سے ملاقات، میران شاہ پہنچنے پر چیف آف آرمی سٹاف نے ان کا استقبال کیا
گزشتہ دنوں وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ میران شاہ پہنچنے پرچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے دورہ کے دوران قبائلی عمائدین کے ساتھ بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔دورے کے دوران وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہعلاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی کمیونٹی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہوگی۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ بات دل کی گہرائیوں سے کر رہا ہوں، جو بزرگ و جوان میرے سامنے بیٹھے ہیں، ان کی قربانیاں ہر حوالے سے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزیرستان کے بچوں کیلئے دانش سکولز سسٹم بھی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں یونیورسٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے علاقہ میں میڈیکل کالج اور موبائل ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔ سول اور عسکری حکام کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
Read 318 times