گزشتہ دنوں جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے شہدا کے ورثا اور زخمیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس تقریب میں شہدا کے ورثا اور زخمی غازیوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔تقریب کے آغاز میں شہدا کے ورثا اور غازیوں کو بھرپور انداز میں سلام عقیدت پیش کیا گیا۔
جی ایچ کیو آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اورانہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔غازیوں اور شہدا کے ورثا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی علاقائی سا لمیت کے تحفظ اور پورے ملک میں دہشت گردی کا مضبوطی سے مقابلہ کرنے میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں اور ان کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر لازم ہے۔ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ آج ہم جس امن اور آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہ مٹی کے ان بہادر بیٹوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے ہے۔
تقریب میں شہدا کے ورثا اور زخمی غازیوں کے علاوہ چیف آف آرمی سٹاف،کمانڈر راولپنڈی کور اور فوج کے اعلیٰ عہدے داران اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر سابق وزیراعظم نے غازیوں اور شہدا کے ورثا کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی طور پر شہدا کے خاندانوں اور زخمیوں میں خصوصی مالی امداد کے چیک کے ساتھ ساتھ شہدا کے بچوں میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔
(رپورٹ: پی آر او، راولپنڈی)
Read 174 times