پاکستان کی مسلح افواج ہر دم تیار - اداریہ

قومیں اپنے ملک کی سرحدوں اور سالمیت  بارے بہت حساس ہوا کرتی ہیں۔ وہ ملکی دفاع کی یقینی بنانے کے لئے زمانہ امن میں جنگ کی تیاری کرتی ہیں اور خود کو اتنا مضبوط بنالیتی ہیں کہ دشمن اُن کے خلاف جارحیت کی جرأت نہیں کرتا۔ پاکستان بھی خطے کے ان ممالک میں سے ایک ہے جو الحمدﷲ ایک ایٹمی قوت اور بہترین عسکری طاقت کا حامل ہے۔ پیشہ ورانہ اعتبار سے ایک بہترین فوج رکھنے کے باوجود پاکستان نے کبھی خطے کے امن کو پامال کرنے کی سعی نہیں کی جبکہ ،شومیِٔ قسمت سے، اِس کے پڑوس میں بعض ممالک ایسے بھی ہیں جوغیر ذمہ دار بیانات اوراقدامات کے ذریعے خطے کا امن تہہ و بالا کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ ہندوستان ان ممالک میں سرِ فہرست ہے۔ ہندوستان ایک بڑی جمہوریت اور ایک سیکولر ریاست ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وہاں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں، کی حالت نا گفتہ بہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جس طرح بھارتی فوج نے کِشت و خون کا بازار گرم کررکھا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناتے کشمیر سمیت دیگر تمام ایشوز کو مذاکرات  کے ذریعے حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان میں نئی حکومت کا قیام عمل میں آیا تو وزیرِاعظم جناب عمران خان نے اپنے بھارت ہم منصب کو ایک خط کے ذریعے مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی دعوت دی جو ہندوستان نے بظاہر قبول کرلی اور اقوامِ متحدہ کے گزشتہ دنوں ہونے والے اجلاس کے موقع پردنوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی سائیڈ روم میں ملاقات کا عندیہ دیاگیا جسے ظاہرہے پاکستان اور دُنیا کے دیگر ممالک نے سراہا لیکن جلد ہی ہندوستان اس سے پیچھے ہٹ گیا جس پرتمام امن پسنددُنیا نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔مزید برآں بھارتی سیاسی قیادت تو ایک طرف بھارتی فوج کے چیف آف آرمی سٹاف نے بھی پاکستان کو سبق سکھانے کی دھمکی دے ڈالی جس کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کی ترجیح ہمیشہ امن رہی ہے لیکن ہم جنگ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔پڑوسی ملک اپنی نام نہاد طاقت کا بھرم رکھنے کے لئے جو بلند و بانگ دعوے کرتا ہے، جن سرجیکل سٹرائیکس کی بات کرتا ہے وہ نہ تو کبھی ہوئی ہیں اور نہ ہی دشمن کی یہ جرأت ہے کہ وہ اس قسم کا کوئی قدم اٹھا سکے۔

پاکستانی قوم اور افواج اپنے نظریئے اور دفاع کی حفاظت کے لئے ہر لحظہ تیار اورمستعد ہیں۔ افواجِ پاکستان کے ہوتے ہوئے دشمن ہماری سرحدوں کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، افواجِ پاکستان الحمدﷲ وہ سپاہ ہیں جو اپنے ملک اور قوم کی حفاظت کے لئے گزشتہ سترہ برس سے دہشت گردی کے عفریت سے نبرد آزما ہیں اوربہت حد تک اُس پر قابو پانے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔ باقی ماندہ ملک دشمنوں کو رَدُّ الفساد کے ذریعے کیفرِ کردارتک پہنچایا جارہا ہے۔

بہرطور پاکستان کے بیرونی اور اندونی قسم کے دشمنوں کو خاطر جمع رکھنی ہوگی کہ جب تک پاکستان کی بیس کروڑ عوام اپنی افواج کی پشت پر کھڑی ہیں پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت اور کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔باہمی اتحاد و یگانگت ہی ہماری طاقت ہے۔ قوم اورافواج مل کراس پاک سرزمین کی حفاظت کریں گے۔

افواجِ پاکستان زندہ باد

 پاکستان پائندہ باد

Comments



Note: No comments!



Leave a Reply

Success/Error Message Goes Here
Note: Please login your account and then leave comment!
TOP